صدر تنظیم کا دورۂ ترکی
کل ہند صدر ایس آئی اوآف انڈیا برادر اظہرالدین نے انٹرنیشنل یوتھ فورم(IYFO)کی چھٹی انٹرنیشنل مسلم یوتھ کوآپریشن میٹنگ میں شرکت کے لیے استنبول ترکی کا دورہ کیا، محترم صدر تنظیم نے وہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس دور میں ہر فردکو میڈیا کا کردار انجام دینا ہے، اس کے لیے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس ایک بہترین ذریعہ ہیں، جہاں ایک تعمیری ایجنڈے کے تحت ہم انفرادی طورپر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ انسانی وسائل اور صلاحیتوں کا فروغ اور ارتقاء اسلامی تحریک کی ایک اہم ضرورت ہے، اس کے لیے ایک طویل المیعاد ایجنڈے پر کام کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع تھا’’موجودہ عالمی انقلاب اور نوجوانوں کا کردار‘‘، کانفرنس میں اس موضوع کے علاوہ ’’مسلم ممالک میں انقلاب کے اسباب اور اس کے طریقہ کار‘‘ نیز ’’مسلم دنیا میں انقلاب کے عالمی اثرات‘‘پر گفتگو ہوئی۔ انٹرنیشنل یوتھ فورم دنیا بھر کی طلبہ تنظیموں کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے، اس کانفرنس میں دنیا بھر کی تقریباََ ۳۵؍اسلامی تحریکات نے شرکت کی، محترم صدر تنظیم نے اس موقع سے مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے سامنے ایس آئی او کی سرگرمیوں کا بھرپور تعارف کرایا۔
جنرل سکریٹری کا دورۂ انڈمان نکوبار
جنرل سکریٹری ایس آئی او آف انڈیا برادر پی ایم صالح نے جزیرہ انڈمان نکوبار کا ایک تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر آپ نے وہاں ایک ہفتہ قیام کیا، اس موقع پر ایس آئی او اور جماعت اسلامی کی جانب سے مختلف اہم پروگرامس کا انعقاد کیا گیا۔ جنرل سکریٹری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج کی تعمیر نو کے لیے طلبہ تنظیم کا کردار بہت ہی اہمیت کا حامل ہے، آپ نے اس سال کے اہم ترین انقلابات اور تحریکوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مصر ، تیونس ، لیبیا سے لے کر اکیوپائی وال اسٹریٹ مہم تک نوجوانوں کا کردار کافی اہمیت کا حامل ہے۔
مہاراشٹر نارتھ زون کا لیڈرس ٹریننگ کیمپ
ایس آئی او مہاراشٹر نارتھ زون کی جانب سے صدور یونٹ اور نظمائے ضلع کا ایک شاندار تربیتی کیمپ ۷؍۸؍ جنوری کو شہر ناندورامیں منعقد ہوا، مرکزی سکریٹری برادر شوکت علی نے خطاب کرتے ہوئے ذمہ داران یونٹ کو احساس ذمہ داری کی جانب متوجہ کیا، اس دو روزہ کیمپ میں قیادت کی خصوصیات، خوبیاں اور فیصلہ سازی کے لیے مطلوبہ کردار اور اس کے سلسلہ میں درپیش نزاکتوں پر گفتگو پیش کی گئی۔
ایس آئی او ممبئی ڈویژن کا تربیتی کیمپ
ایس آئی او ممبئی کی جانب سے ممبران اور منتخب اسوسی ایٹس کے لیے دو روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد کیڈر میں اسلام کی خدمت کے جذبہ کو پروان چڑھانا ، دعوت ،تزکیہ ، تنظیم اور کیمپس کے کاموں کی تفہیم اور کیڈر کی صلاحیتوں کو مزیدنکھارنے کی کوشش تھا،پروگرام کا انعقاد گورائی بیچ پر بتاریخ ۷؍۸؍ جنوری ۲۰۱۲ء ہوا۔
جناب راشد صاحب نے ” نماز اور صبر سے مددلو” کے عنوان پر کیڈر کی بہترین رہنمائی کی، رفقاء کو مختلف تفویضات بعنوان “ISKCON” ، “LOKPAL”،” “RTE دئیے گئے تھے جن پر رفقاء نے روشنی ڈالی۔گروپ ورک کے طور پر معروف و منکر اور “TAZKIY & ACTIVISM” پر مباحثہ بھی رکھا گیا۔بعد ازاں ایک تقریر بعنوان ” سیرت عمر فاروقؓ ” رکھی گئی جس میں عبد الحسیب بھاٹکر صاحب نے حضرت عمر فاروقؓ کی انفرادی و اہم خصوصیات کے متعلق گفتگو کی۔پہلی شب کلچرل پروگرام کیا گیا جس میں ڈرامے وغیرہ پیش کیے گئے۔اگلے دن کا آغاز نمازِ فجر سے ہوا، جناب شیح ہمایوں صاحب نے تزکیہ نفس پر درسِ حدیث پیش کیا۔ برادر عبد القدیر نے ” تنظیمی شعور اور فکری ہم آہنگی”،برادر فیروز پٹیل نے سماج پرتحریک اسلامی کے اثرات اوربرادر عبد الوحید نے سماجی خدمت ادا کرنے اور سماجی فرائض کی اسلامی نقطۂ نظر سے ادائیگی پر گفتگو کی۔ اوپن ڈسکشن بعنوان” تنظیم ،اہداف مسائل اور حل” برادر علی عمران کی زیرِ نگرانی رکھاگیا۔آخر میں صدر ایس آئی او ممبئی ڈویژن برادر کامران بیگ نے ’’اسلامی بیداری اور نصب العین‘‘ پر زاد راہ پیش کیا۔
( رپورٹ:برادرانور شیخ، میڈیا سیکریٹری SIOممبئی )
کیمپس میں بڑھتے تشدد کے خلاف حلقہ مغربی بنگال کی مہم
ویسٹ بنگال کے مختلف کیمپس میں ترنمول کانگریس کی طلبہ تنظیم T.M.C.P. اور کمیونسٹ طلبہ تنظیمS.F.I. کے ذریعے ہونے والے پرتشدد واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے پروفیسرز اور پرنسپلس کے خلاف پر تشدد حملے اور تعذیب کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔گزشتہ ایک مہینہ کے اندر ریاست کے سات کالجز کے پرنسپلس پر حملے ہوئے ہیں۔
کیمپس میں بڑھتے تشدد کے ان واقعات کے خلاف SIO ویسٹ بنگال زون نے اک طویل عرصے سے مہم چھیڑ رکھی ہے۔گزشتہ ماہ دسمبر میں “Stop violence!Promote peaceful students poolitics!” کے مرکزی موضوع کے تحت ریاست گیر پیمانے پر مہم چلائی گئی جس میںSIO کے مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی۔اس سلسلے میں ۱۲؍ دسمبر کو کلکتہ میں ایک بڑی طلبہ ریلی اور مظا ہرے کا انعقاد کیا گیا۔اس کے علاوہ بڑی تعداد میں کیمپس کے اندر ‘Students Gathering’ , ‘Corner Meetings’ , ‘Wall Writings’ اور وسیع پیمانے پرہینڈ بل کی تقسیم جیسے مختلف پروگرام انجام دیئے گئے۔ٹیچرز کے خلاف تشدد کے تازہ واقعات کے خلاف بھی ایس آئی او نے نوٹس لی ہے۔اس سلسلے میں ۷؍ جنوری کو ریاستی سطح پر ’یومِ سیاہ ‘ منایا گیا اور ۱۳؍ جنوری کو ‘Shame Day’ کا انعقاد کیا گیا۔
ایس آئی او کے زونل لیڈرس نے مختلف پریس کانفرنسوں سے خطاب کیا اور مختلف کیمپس پروگراموں میں شریک بھی رہے۔مہم کے دوران ایس آئی اوکی جانب سے درج ذیل مطالبے کئے گئے، واضح رہے کہ تشدد کے یہ واقعات طلبہ یونین کے انتخاب کے پس منظر میں ہورہے ہیں۔
۱۔لنگدوہ کمیٹی کی سفارشات نافذ کی جائیں۔
۲۔پوری ریاست میں طلبہ یونین کا انتخاب ایک ہی تاریخ میں منعقد ہو۔
۳۔تعلیمی سال کے آغاز پر ۱۰؍ دن کے اندر الیکشن پروسیس مکمل کئے جائیں۔
۴۔کیمپس میں مختلف سیاسی تنظیموں کا عمل دخل بند کیا جائے۔
۵۔طلبہ کے درمیان گرتے اخلاقی معیار کی طرف فوری توجہ دی جائے۔
(رپورٹ: برادر عبدالودود مالدہ)
ایس آئی او الجامعہ الاسلامیہ شانتاپرم کی حالیہ سرگرمیاں
جامعہ اسلامیہ شانتاپرم اس وقت Vibrant & Creative Campus کا سماں پیش کر رہا ہے۔سال نو کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف سرگرمیاں اور پروگرامس کے ذریعے جامعہ کا ماحول طلبہ کی صلاحیتوں کے ارتقاء کے لیے خوب سے خوب ترہوتا جا رہا ہے۔۲؍ جنوری کی شام ایک خوشگوار شام تھی جسے ’ایک شام ہندی کے نام ‘ سے موسوم کیا گیا۔ جس میں ہندی رفیق منزل کے ایڈیٹر برادر اسداﷲ اعظمی ،سابق ایڈیٹر برادر شبلی ارسلان اوررفیق سے جڑے قلمکاروں نے اپنی ’رچنائیں ‘ پیش کیں ۔ہندی کے لئے کیرالہ کے اس اجنبی ماحول میں یہ ایک انوکھا پروگرام تھا۔اس سلسلے میں ہندی دوستوں کے اندر جوش و خروش قابلِ دید تھا۔
۳؍ جنوری کا تو پورا دن ہی جامعہ کے لئے پر نور اور طلبۂ جامعہ کے لئے پر سرور تھا۔ ایس آئی او کے مرکزی قائدین کی پوری کہکشاں جامعہ میں موجود تھی۔جوں ہی ’وائناڈ‘ سے قا ئدین کے آنے کی خبر ایریا کمیٹی کو ملی استقبال کی تیاریاں شروع ہو گئیں ۔Flags, Play Cards اور فلک شگاف نعروں سے جامعہ کے صدر دروازے پر قائدین کا پر جوش استقبال کیا گیا۔امام شافعی حال میں محترم صدرِ تنظیم برادر اظہرالدین اور دیگر ذمہ داران نے طلبہ کے جمِ غفیر سے خطاب کیا۔ وائناڈ میں ہونے والی مرکزی ریویو میٹ کے بعد مختلف حلقہ کے ذمہ داران نے جامعہ کی زیارت کی، اس موقع پر راجستھان، یوپی ایسٹ ویوپی سینٹرل کے ذمہ داران نے جامعہ کی زیارت کی، اس موقع سے طلبہ سے ملاقاتیں ہوئیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔
دوسری طرف ایس آئی او کے Task Force کے زیرِ اہتمام منعقد ہو نے والے سالانہ اسپورٹس کی گہما گہمی کی گونج ۵؍ جنوری کے Grand Finale کے بعد بھی سنائی پڑ رہی ہے۔ ایس آئی او کیرالہ کی جانب سے ۱۴؍ اور ۱۵؍ جنوری منعقد ہو نے والی “Islamic Academic Conferrence” کی تیاریاں بھی تادمِ تحریر زور و شور سے جاری ہیں۔ اس کانفرنس کے پیش نظر جامعہ اور اس کے اطراف میں ’یومِ صفائی کا اہتمام کیاگیا جس میں ایس آئی او اردو یونٹ کی شاندار کار کردگی بھی دیدنی تھی۔
(رپورٹ: برادر مصدق مبین)








